سرینگر،نئی دہلی(نیوزایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے نتیجہ میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہو گیا جبکہ جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ۔ تفصیل کے مطا بق سرینگر کے علاقہ ملہ باغ حبک میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران کشمیری نوجوان زاہد داس کو شہید کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق جھڑپ میں 2 فورسز اہلکار شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ایک ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دریں اثنا بھارتی فوج کی بھاری نفری نے جنوبی کشمیر کے شوپیان اور پلوامہ اضلاع کے 2 درجن دیہات کو محاصرے میں لے لیا ، گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران نوجوانوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ بھارتی پولیس نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کیخلاف ضلع بارہمولہ کی عدالت میں ان کیخلاف ریلیاں اور عوامی اجتماعات کرنے پر 2008 اور 2010 میں درج 2 جھوٹے مقدمات میں چارج شیٹ دائر کردی۔ یاسین ملک کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کیسز میں خود بحث کرونگا، سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔دریں اثنا قابض انتظامیہ نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان اعلیٰ ایڈووکیٹ زاہد علی پرکالاقانو ن پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں سرینگر سنٹرل جیل منتقل کردیا۔زاہد علی پرعوام کو اشتعال دلانے ، آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے جاری کرنے اور بھارتی فورسز پر پتھرائو کیلئے اکسانے ،حریت رہنما سیدعلی گیلانی اور جماعت اسلامی کے سابق سربراہ غلا محمد بٹ کے قریبی ساتھی ہونے جیسے الزامات ہیں۔بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ٹویٹ میں کہا کہ تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں وکشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور میں بیگناہ شہری بشیر احمد کے اپنے کمسن نواسے کے سامنے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہیمانہ واقعہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے ۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ فور جی سروس کی معطلی کی وجہ سے طلبہ کو آن لائن امتحانات دینے اور تیاری کیلئے شدید مشکلات کا سامناہے ، انکی تعلیم کا ہرج ہو رہا ہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 115 تک پہنچ گئی۔ کورونا سے متاثرہ بھارتی فوجیوں اور یگراہلکاروں کی تعداد617ہوگئی ۔