راولپنڈی،سیالکوٹ،کراچی ،کوئٹہ ، سکھر، ٹنڈوآدم (ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹاف رپورٹر،آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے راولپنڈی ،اسلام آباد، سیالکوٹ ،کراچی ،کوئٹہ ،سکھر،ٹنڈوآدم میں مظاہرے ،ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے نریندر مودی کے پتلے اورانڈین ترنگانذرآتش کئے ۔گزشتہ روزسیالکوٹ میں سپریم علماء کونسل اور سنی نوجوان کونسل کے زیر اہتمام صاحبزادہ حامد رضا اور صاحبزادہ علامہ عبدالحمید چشتی کی قیادت میں کشمیر ریلی نکالی گئی۔ریلی میں بھارتی دہشتگردی کے خلاف قرار دادیں بھاری اکثریت سے منظور کرائی گئیں اورکشمیریوں سے مکمل یکجہتی کااظہارکیاگیا ۔ ریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا ہوگئی ہے ،مودی اس صدی کا فرعون ہے ، کشمیر اس وقت جل رہا ہے ،ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے کشمیری اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے ۔کشمیری بھائیوں کی مدد ہمارا دینی فریضہ ہے ۔ حکومت جہاد کا اعلان کرے ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کو دنیا کی کوئی طاقت ہم سے جدا نہیں کرسکتی ۔ادھرکراچی میں انٹر نیشنل پیس کمیٹی کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف گرجا گھروں کے پادریوں ، عیسائی کمیونٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب میں انٹرنیشنل پیس کمیٹی کے چیئرمین جاوید یوسف نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں سے ان کی آزادی نہیں چھین سکتا،مسیحی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر بھارت کا قومی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ادھرکوئٹہ میں بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔مظاہر ین سے خطا ب میں تنظیم کی چیئر پرسن ثناء درانی و دیگر نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اپنی کشمیری بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ادھرسکھرمیں سول سوسائٹی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم مودی کی علامتی ارتھی نکال کر کے ہندو رسومات کے مطابق اسکی چتاء کو آگ لگاکر شدید نعرے بازی کی گئی ۔مقررین نے خطاب میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرینگے ۔ادھرٹنڈوآدم میں کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی صوبائی رہنما فرحت حیات اور ناہید وحید کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر مشتاق احمد عادل نے خطاب میں کہا کہ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔اقوام متحدہ، عالمی قوتیں اور عالم اسلام خواب غفلت سے بیدار ہوکر کشمیری مسلمانوں کو بھارتی فوج کے ظلم سے نجات دلائیں۔