جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا نیا ڈومیسائل کا قانون مسترد کر دیا۔او آئی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے انسانی حقوق کے مستقل آزادکمیشن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈومیسائل قانون کو مسترد کر دیا ہے ۔اعلامیے کے مطابق بھارت کا نیا ڈومیسائل قانون اوآئی سی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ، اقوام متحدہ اورعالمی برادری ڈومیسائل قانون واپس لینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔اوآئی سی کمیشن نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنوائے ،دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے اور بھارت غیرقانونی اقدامات کر رہا ہے ،بھارت کا یہ اقدام مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے ۔ سرینگر ( نیوز ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر کے ضلع گاندر بل میں نامعلوم افراد نے فوجی پارٹی پر حملہ کر کے 2بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا جبکہ سینکڑوں لوگوں نے سرینگر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی عائد کردہ پابندیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر شہید جنید صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ نماز جنازہ سرینگر کے علاقے باغات برزلہ میں شہید جنید کے گھر کے باہر ادا کی گئی، غائبانہ نماز جنازہ شہید کے والد اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی نے پڑھائی۔ حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر جنید صحرائی اوران کے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کہاکہ ہم جنید صحرائی اور اپنی قوم کے تمام بہادرسپوتوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں جو آزادی کے مقصد کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب پوری دنیا کورونا وائرس کی وباپر قابو پانے میں مصروف ہے ، تو بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے ۔جموں وکشمیر کا بچہ بچہ اب برہان وانی، ریاض نائیکو اور جنید صحرائی بن چکا ہے ۔ بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی جاری کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے دو درجن سے زائد نوجوان گرفتارکرلیے ہیں۔ معروف آزادی پسندرہنمائوں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی کی شہادت کی برسیوں پر (آج) مزارشہداء عیدگاہ سرینگرکی طرف مارچ کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا سے ایک اور خاتون کی موت ہو گئی جس سے مرنیوالوں کی تعداد 18 ہوگئی ۔