سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں121ویں روزبھی خوف ودہشت کا ماحول برقرار رہا،بھارتی فوجیوں نے ضلع کشتواڑ میں نوجوان کو گولی مارکر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا۔مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے اور سخت پابندیوں کی وجہ سے مسلسل121 ویں روز بھی وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف ودہشت کا ماحول پایا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کی دفعہ 144کے تحت پابندیاں نافذ ہیں جبکہ انٹرنیٹ ، پری پیڈ موبائل اور ایس ایم ایس سروسز بدستور معطل ہیں۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع کشتواڑ میں طارق حسین وانی کو ایک کارروائی کے دوران گولی مارنے کے بعد گرفتار کرلیا۔مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کشمیری طلباء کا تعلیمی کیریئر داؤ پر لگ گیا ہے کیونکہ انہیں بھارت بھر میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایک انتہائی مسابقتی امتحان نیٹ دینا ہو گا۔ ٹیسٹنگ ایجنسی نے پیر کو کشمیری طلباء کو داخلہ فارم جاری کر دیئے ہیں تاہم وادی کشمیر جہاں گزشتہ چار ماہ سے انٹرنیٹ مسلسل معطل ہے ، انٹرنیٹ بحال نہ ہوا تو ہزاروں طلبہ میڈیکل داخلہ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 31دسمبر ہے ۔