اسلام آباد؍ میانوالی(سپیشل رپورٹر؍ نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرنیوالوں کے سوا سب سے مفاہمت کو تیار ہیں،دائیں اور بائیں بازو کے تمام گروپوں، بلوچستان، وزیرستان کے لوگوں کے ساتھ بات چیت سے مسئلے حل کرینگے ۔انہوں نے کہا اپنے مسائل امن سے بیٹھ کرحل کرنا چاہتے ہیں،بڑے ڈاکوئوں کواین آراودینے کوتیارنہیں، میری حکومت این آر او دے گی نہ ہی مفاہمت کریگی، سزا ملنے تک چوروں کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، ڈیل کرنیوالی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں،عوام کوکبھی مایوس نہیں کرونگا، جو عوام کے لئے بہتر ہو، وہی فیصلے ہوں گے ،پاکستان جس مقصدکیلئے بناتھا،ادھرلے کرجائونگا،پاکستان کوعظیم ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔وزیراعظم نے کہامیانوالی کے عوام میرے ساتھ تب چلے جب کوئی میرے ساتھ نہیں تھا،میانوالی کے لوگوں کی خدمت کر کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا،جب ہمارے پانچ سال پورے ہونگے میانوالی کی تاریخ میں پہلے کبھی اتنی ترقی نہیں ہوئی ہوگی،راجن پور،بھکر،میانوالی اوردیگرعلاقے پیچھے رہ گئے ،ہماری بدقسمتی ہے پیسے والے اورپیسے والے بن گئے ،پیچھے رہ جانیوالے علاقوں کوترقی دینگے ۔وزیراعظم نے کہا کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔عمران خان نے کہاپاکستان سمیت پوری دنیاکامسئلہ مہنگائی ہے ،سب جانتے ہیں دنیامیں مہنگائی کیوں ہے ،کوروناکی وجہ سے مہنگائی ہوئی،پوری دنیاپرمشکل وقت آیاہواہے ،امریکہ دنیاکاسب سے امیرملک،وہاں بھی تاریخی مہنگائی آئی، پاکستان اب بھی سب سے سستا ملک ہے ،تین سے چار ماہ بعد پاکستان میں بھی مہنگائی کم ہو جائے گی ،قیمتیں نیچے آجائینگی۔انہوں نے کہا میں نے وعدہ کیاتھاکسی کے سامنے نہیں جھکیں گے ،میں نے کہاتھا پاکستان کسی کی غلامی نہیں کرے گا،آزادہوکربھی کسی نہ کسی کی غلامی کرتے رہے ، پاکستان اپنے پاؤں پر آزاد کھڑا ہو گا۔وزیر اعظم نے میانوالی کے لئے 35 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد کے 23 منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس سے قبل وزیر اعظم کو میانوالی پہنچنے کے بعد مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے ۔بعدازاں عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا میانوالی کے عوام نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا،حکومتی سوشل پروٹیکشن پروگرام کے سلسلے میں بڑی تعدادمیں جمع ہوئے ۔مزیدبرآں وزیراعظم سے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ملاقات کی ۔