کراچی( کامرس رپورٹر)ملائشیا کے ڈپٹی منسٹر آف منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز داتک سری شمس الاسکندر محمد اکین نے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور ملائشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت میں مزید اضافے کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پام آئل،چاول اور ربر و لکڑی کی مصنوعات سمیت دیگر شعبہ جات میں تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان ایڈیبل آئل کانفرنس کے موقع پر پریس کانفرنس کررہے تھے ،اس موقع پر ملائشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران عبدالرحمان ،ملائشین پام آئل بورڈ کے چیئرمین تن سری دتو محمد بقی صالح ، سیکریٹری جنرل منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز ملائشیا ڈاکٹر تان یو چونگ ،ایم پی او سی کے سی ای او ڈاکٹر کلیانہ سندرام اور چیئرمین ایف جی وی داتک ویرا اظہر عبدالحامد بھی موجود تھے ۔ شمس الاسکندر محمد اکین کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے ملائشین منسٹری آف پرائمری انڈسٹریز کی کاوشوں اور کردار سے آگاہ کرنا ہے ، پاکستان اور ملائشیا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم سال 2017میں 1.34ا رب ڈالرز تھا۔