واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے ملالہ یوسفزئی کی بہادری اور عزم و ہمت کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ہیلری نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر ملالہ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ 6 برس قبل طالبان نے پاکستان کے شمالی علاقے میں تعلیم حاصل کرنے کو جرم سمجھتے ہوئے ملالہ یوسفزئی پر اس وقت گولی چلائی جب وہ سکول جانے کیلئے بس میں سوار ہو رہی تھی۔ انصاف کیلئے ملالہ کے عزم نے انہیں دنیا بھر کی لڑکیوں کے حقوق کی بلند آواز اور ترجمان بنا دیا، جیسا کہ وہ خود بھی کہہ چکی ہیں کہ اگر ایک آدمی سب کچھ تباہ کرسکتا ہے تو ایک لڑکی سب کچھ کیوں نہیں بدل سکتی؟ملالہ یوسفزئی پر 9 اکتوبر 2012 کو وادی سوات کے علاقے مینگورہ میں حملہ کیا گیا تھا۔