پشاور(سٹاف رپورٹر) برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ملالہ یوسفزئی کی رہائش گاہ پر سانحہ آرمی پبلک سکول کے زخمی طالبعلم ولید خان کی 16ویں سالگرہ منائی گئی جس میں ملالہ یوسفزئی کے والدین، نوجوان سماجی کارکن بصیراحمد خان اور وہاں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ولید خان اب برمنگھم میں زیر علاج ہیں۔ ملالہ یوسفزئی اورانکے والدین ولید خان کی خصوصی اعانت کے ساتھ ساتھ دیکھ بھال بھی کررہے ہیں ۔ولید خان کی تعلیم بھی برطانیہ میں جاری ہے ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے ملالہ نے کہا کہ ولید خان کی صحت کافی بہتر ہو ئی ہے اور وہ انشاء اﷲ بہت جلد صحتیاب ہوجائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ ، امن کے قیام کے لئے ولید جیسے طالب علم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔