مکرمی!کھانے پینے کی اشیاء خاص کر کیمیکل ملادودھ ملاوٹ کا دھندا بلا خوف وخطر اور بڑی ڈھٹائی کے ساتھ جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اٹھارٹی کی طرف سے اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کی چیکنگ کے اقدامات بھی اس طرح کا مذموم دھندہ کرنے والوں کے لئے سد راہ نہیں بن رہے۔یہ مکروہ کاروبار معاشرے کے ایسے افراد کررہے ہیں جن کے عظیم المرتب پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلّم نے ملاوٹ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے فرمایا تھا "جس نے ملاوٹ کی وہ ہم میں سے نہیں"ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلّم کی اطاعت اورغلامی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن عملی زندگی میں ہمارے قول وفعل کا تضاد اس دعوے کی تکذیب کرتا نظرآتا ہے۔ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت کادھندا اگرایک طرف فروخت کنندہ کیلئے ناجائز منافع خوری کا ذریعہ ہے وہاں دوسری طرف خریداروں اورصارفین کی صحت وتندرستی کیلئے مضمرات سے خالی نہیں۔ ہسپتالوں اور کلینک ہمیں مریضوں کی روزافزوں تعداد میں اضافہ کی وجہ ان ملاوٹ شدہ اورغیرمعیاری اشیاء کا استعمال ہے۔ کوکنگ آئل کی تیاری میں ذبح شدہ مرغیوں کی آلائش حتّٰی کہ مردارجانوروں کے مکروہ اجزا کا استعمال انتہائی قبیح اورمجرمانہ فعل ہے۔اربابِ اختیارکو لوگوں کے ایمان کے تحفّظ اورصحت وتندرستی کی خاطر موثّراور بلا رورعایت اقدامات کرنے چاہئیں اور اس مذموم دھندے میں ملوّث افراد کو نشانِ عبرت بنا دینا چاہئے جو کاروبارکے نام پر انسانی جانوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ (جمشیدعالم صدیقی لاہور)