لاہور(خصوصی رپورٹ)ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر یوم پاکستان کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کیلئے خاتون اول تن ڈاکٹر سٹی حسمہ اور تقریبا 35 رکنی اعلی سطح وفد کیساتھ 21 مارچ کی سہ پہر پاکستان پہنچیں گے ۔ وفد میں ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ داتو مارزوکی یحییٰ ، ملیشیا ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اعلی عہدیداران ، پیٹروناس ملائیشیا کے چیئرمین داتو احمد نظام صالح اور منسٹری آف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈانڈسٹری ملائیشیا کے عہدیداران کے علاوہ ملائشیا کی معروف کاروباری شخصیات شامل ہیں ۔ مہاتیر محمد کے پاس انتہائی اہم دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے ۔ ڈاکٹر مہاتیر بن محمد23 مارچ کو یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے اور اسی شام کو تین روزہ دورہ مکمل کرکے ملائیشیاواپس روانہ ہو جائیں گے ۔