ملتان (کرائم رپورٹر)ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسہ کے دوران گتے کے گودام میں لگی آگ دوسرے روز دوبارہ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ نے قابو پا لیا۔ دریں اثنا آگ لگنے کے معاملہ پر گودام مالک نے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کر دیا۔ واضح رہے 30 نومبر کی رات اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کے دوران ہونے والے آتش بازی سے گتے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ جلسہ گاہ میں موجود افراد میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا تاہم ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا ،تاہم آگ لگنے سے سے گودام میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا مال جل کر خاکستر ہو گیا۔گودام مالک شیخ اویس نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں نقصان کا ازالہ کریں ، 25 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ،بیٹی کی شادی بھی قریب ہے ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد محمود نے مریم نواز کے استقبال پر آتش بازی کی تھی جس کے باعث آگ بھڑکی ۔ادھر پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے شاہد محمود خان اور دیگر150 افراد کے خلاف تھانہ پرانی کوتوالی میں مقدمہ درج کر لیا اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ گودام مالک کے نقصان پر دلی افسوس ہوا ، تفصیلات سامنے آنے پر متاثرین کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ دوسری طرف سابق لیگی ایم پی اے شاہد محمود نے کہا کہ آگ میں نے نہیں لگائی ،ہمارا قافلہ آگے تھا،غریب تاجر کا نقصان ہوا ہے ، اس کا ازالہ ہونا چاہئے ۔