ملتان( جنرل رپورٹر)ملتان میں محافظ ہی لٹیرے بن گئے ،نجی بینک کے سکیورٹی گارڈ نے ساتھی کے ہمراہ اپنے ہی ساتھی سکیورٹی گارڈ کو رسیوں سے باندھ کر گیس کٹر و دیگر آلات کی مدد سے سونے سے بھرے لاکرز کاٹ ڈالے ، مبینہ طور پر 7 کروڑ مالیت کا سونا لوٹ کرفرار ہوگئے ۔ملتانکے علاقے چوک قذافی پر واقع نجی بینک میں 7 اور 8 مارچ کی رات 1 بجے کے قریب بینک کا سکیورٹی گارڈ واجد علی جو کہ شفٹ مکمل ہونے کے باوجود بینک میں موجود رہا، اس دوران نیا سکیورٹی گارڈ محمد نواز بھی ڈیوٹی کے لئے آگیا،سکیورٹی گارڈ واجد علی کا ایک ساتھی جو کہ بینک میں موجود تھا ،واجد اور اس کے ساتھی نے نئے سکیورٹی گارڈ کو کچن میں رسیوں سے باندھ دیا ۔بعدازاں بینک کے باہر ایک سیاہ رنگ کی کار آکر رکی جس میں سے دو افراد نکلے ، گیس سلنڈر نکال کر بینک میں چلے گئے ۔ سکیورٹی گارڈ واجد نے ساتھیوں کے ہمراہ ساتھ لائے گئے گیس کٹر اور دیگر آلات کی مدد سے سونے سے بھرے لاکرز کو کاٹنا شروع کردیا،دو سے تین گھنٹے کی بڑی واردات میں بینک کا محافظ سکیورٹی گارڈ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ39 لاکرز سے شہریوں کا رکھوایا گیا تقریباً 8 کلو سونا لوٹ کر باہر موجود کار میں سوار ہو کر فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ آر پی او اور سی پی او بھی جائے وقوعہ پر پہنچے ۔ماہرین کی ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھا کئے ۔سٹی پولیس آفیسر زبیر دریشک نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واردات میں 39 لاکرز لوٹے گئے ،بینک منیجر کے مطابق ایک لاکر میں 5 سے 10 لاکھ کے زیورات رکھے جاسکتے ہیں۔سکیورٹی گارڈ واجد کاتعلق وزیرستان سے ہے ،اس کے کوائف اکٹھے کرلئے گئے ہیں،سکیورٹی کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔