لاہور/ملتان (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندگان) ملتان میں چوک اعظم سلطان پور روڈ پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور 2بیٹے شامل ہیں ،لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ادھر لاہور میں ٹریفک کے دو حادثات میں 2نامعلوم افرادجاں بحق ہو گئے ،رائیو نڈ کے علا قہ میں رات گئے تیز رفتار کار کی ٹکر سے سڑک پار کرتا ہوا نامعلوم نوجوان جبکہ مصطفی ٰآباد کے علاقہ دھرم پورہ پل کے قریب 40 بھی سالہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار گاڑی کی ٹکر سے موقع پر چل بسا ۔ پولیس کے مطابق شناخت نہ ہونے پردونوں لاشیں مردہ خانہ جمع کرا دیں جبکہ لواحقین اور ڈرائیورز کی تلاش شروع کرد ی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں دیگر حادثات میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔اوگی کے علاقہ تورغر میں مسافر گاڑی موڑکاٹتے ہوئے کھائی میں جاگری، 2خواتین سمیت 3 افرادجاں بحق جبکہ 4شدیدزخمی ہوگئے ۔گاڑی سلیمانی سے میرامداخیل آرہی تھی، جاں بحق افرادکی نعشیں ان کے آبائی گاؤں بھجوادی گئیں۔وزیرآباد میں جی ٹی روڈ پل پلکھو کے قریب وین کی ٹکر سے 25سالہ نوجوان جمشید مسیح ہلاک ہو گیا۔فیصل آبادجھنگ روڈ پرگدھا ریڑھی سے ٹکرا کر موٹر سائیکل سوارنوجوان محمد انوار،سرگودھا کے نواحی علاقہ فریدہ آباد کے قریب تیز رفتار ٹرالرکی زد میں آکر14 سالہ لڑکا عبدالرحمان ،پتوکی کے نواح میں ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارخاتون نسیمہ بی بی، ساہیوال کے گاؤں144/9۔ایل کے قریب تیز رفتارڈالہ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شبانہ جاں بحق ہو گئی۔