ملتان(سپیشل رپورٹر)کورونا وائرس کے شکار افراد کو ریسکیو کرنیوالی ریپڈ ریسپانس ٹیم نے گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے جناح ٹائون کے رہائشی کورونا وائرس کے شکار مریض طاہر نواز کو طیب اردوان مظفر گڑھ شفٹ کر دیا،اس مریض کا ایک بیٹا،بھابی، دو بھتیجے اور ایک بھتیجی بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں، بچوں اور بھابی کو نشتر ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ۔جناح ٹائون سے ملحقہ ایریا کو سیل کر دیا گیا َ.یاد رہے کہ کورونا کا مریض طاہر نواز 17 مارچ کو انگلینڈ سے لاہور پہنچا تھا اور اپنی فیملی کے ہمراہ 18 مارچ کو ملتان آگیا۔علامت ظاہر ہونے پر طاہر نواز نے نشتر ہسپتال کے کورونا کائونٹر کا وزٹ کیا۔کائونٹر کے عملہ نے انہیں گھر پر آئسولیشن اختیار کرنیکی ہدایت کی تھی۔طاہر نواز نے اپنی فیملی اور بھائی کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کا وزٹ بھی کیا جہاں طاہر نواز کے بھائی کو داخل کرادیا گیا جب کہ طاہر نواز خود واپس ملتان آ گیا اور گھر میں آئسولیشن اختیار کر لی ۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے طاہر نواز کی بیماری اور ایڈریس کے بارے ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کو تحریری طور آگاہ کیا اور اس خط کی بنیاد پر ریپڈ ریسپانس ٹیم نے بروقت کارروائی کرکے طاہر نواز کو ٹریس کیا اور ریسکیو1122 کے ذریعے رجب طیب اردوان ہسپتال شفٹ کردیا ۔ فیملی نے ایک نجی لیبارٹری سے ٹیسٹ کرائے ہیں جس میں طاہر نواز کے ایک بیٹے ،بھابی، دو بھتیجے اور ایک بھتیجی کو بھی کورونا وائرس کا شکار بتایا گیا ہے ۔