ملتان/ڈیرہ غازیخان ( خبرنگار،سپیشل رپورٹر،نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈیرہ غازی خان بس حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے 12افراد آہوں سسکیوں میں ملتان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ سیوڑہ چوک کے قریب نماز جنازہ ادا کی گئی ،جس میں جاوید ہاشمی،عامر ڈوگر،جاوید انصاری سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ متوفین کی پیرا صاحب قبرستا ن میں تدفین کی گئی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلی فون پر ورثا سے تعزیت کی جبکہ ڈسٹرکٹ بارملتان نے آج ہڑتال کااعلا ن کیا ہے ۔ گزشتہ سے پیوستہ روز ڈیرہ غازی خان میں پیش آنے والے حادثہ میں مجموعی طورپر 20 افراد جاں بحق جبکہ 40سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔ جن میں سے 31ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان میں زیرعلاج ہیں۔ گزشتہ روز وزیر مملکت زرتاج گل، کمشنر طاہر خورشید ، ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے بھائی جعفر خان بزدار اور دیگر نے زخمیو ں کی عیادت کی۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملتان کے ملازم تھے ، ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ نے ان کے لواحقین سے 3افراد کو ملازمت دینے کا وعدہ کیا ہے جبکہ ان کی رسم قل خوانی کے اخراجات بھی محکمہ بر داشت کریگا ۔علاوہ ازیں حادثہ میں جاں بحق مظفرگڑھ کے مریدحسین اوراکمل کی لاشیں انکے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔