ملتان(سٹاف رپورٹر) سانحہ تیز گام میں درجنوں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ریلوے انتظامیہ کو جگا نہ سکا ،ریلوے ملتان عملہ کی غفلت،مٹی کے تیل کا لیک ڈرم مسافر ڈبے میں بغیر بکنگ کے رکھ دیا،مسافروں کے احتجاج پر انچارج گارڈ نے مٹی کے تیل کا ڈرم ان لوڈ کرا دیا،ڈی ایس ملتان کی جانب سے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل،پانچ ملازمین کو فوری معطل کردیا گیا ،انکوائری شروع کردی گئی ، 31 جنوری کی دوپہر 2 بجکر 10 منٹ پر ملتان کینٹ ریلوے سٹیشن پر پہنچنے والی خیبر میل میں مکینیکل عملے کی جانب سے غفلت کا ثبوت دیتے ہوئے کیروسین آئل کا لیک ڈرم مسافر ڈبے میں لوڈ کر دیا،ڈبے میں بدبو پھیلنے پر مسافروں نے احتجاج شروع کر دیا اور ٹرین کو کینٹ ریلوے سٹیشن پر رکوا لیا،مسافر اور انچارج گارڈ کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی،مسافروں کے احتجاج پر سمہ سٹہ سیکشن کے لئے مسافر ڈبے میں رکھا جانے والا مٹی کے تیل کا لیک ڈرم اتار لیا گیا، ڈی ایس ریلوے ملتان ڈویژن نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ہیڈ ٹرالی مین جاوید،ٹرالی مین محمد اکرم،گینگ مین ناصر اقبال،طارق جاوید اور اشتیاق کو فوری پر معطل کر دیا ، ڈی ٹی او،ڈی سی او اور ڈی ایم ای پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کو مزید تحقیقات کر کے فوری رپورٹ جمع کرانے کے احکامات جاری کر دئیے ۔