ملتان (سٹاف رپورٹر،خبر نگار،جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر)ریسٹورنٹ میں کولڈ سٹوریج کا چلر پھٹنے سے دھماکہ ہو گیا جس سے ہوٹل مالک کے بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ،27زخمی ہوگئے ، تفصیل کے مطابق گزشتہ روز گلشن مارکیٹ کے قریب واقع ہوٹل میں دوپہر کے وقت شہری کھانے میں مصروف تھے ، ہوٹل کے تہہ خانے میں بنائے گئے کولڈ سٹوریج کا چلر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس سے ہوٹل کی بالائی منزل گر گئی اور شیشے ٹوٹ گئے ،ہوٹل کی قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی علاقے کے لوگوں نے دھماکے کی شدت کی وجہ سے اسے بم دھماکہ سمجھا جس سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا دھماکے کے بعد ریسکیو 1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو نکالا ، دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 27زخمی ہوگئے ،جاں بحق ہونیوالوں میں ہوٹل مالک کا بیٹا عمار شاہ، ضیا ئالرحمٰن اور سجاول شامل ہیں ، زخمیوں کو نشتر ہسپتال داخل کرادیا گیا، جہاں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل میں موجود شہری ، ہوٹل کے ملازمین کے علاوہ کئی راہگیر بھی زخمی ہوئے ۔بم ڈسپوزل کے عملے کا کہنا ہے کہ بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے ۔