اسلام آباد،ملتان (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) ملتان کی سول عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب کی رونمائی کیخلاف حکم امتناع جاری کردیا ۔تحریک انصاف لائرز ونگ کے صدر غلام مصطفیٰ چوہان کی جانب سے ملتان کی سول کورٹ میں ریحام خان کی کتاب کی رونمائی روکنے کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی ۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ریحام خان کی کتاب کے متن کا کچھ حصہ مبینہ طور پر حقائق کے خلاف ہے ۔ عدالت نے ریحام خان کی کتاب کی رونمائی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ریحام خان، حسین حقانی اور پیمرا سے 9 جون تک جواب طلب کر لیا۔ادھر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے ریحام خان کی کتاب پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اس کتاب کے پیچھے رائیونڈ کا ہاتھ ہے ، حکمران کہتے تھے 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے لیکن لوڈشیڈنگ نے شریف برادران کے دعوو ں کی قلعی کھول دی ۔ پورا پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ،لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر میاں شہبازشریف کا نام اب شبانہ رکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک ٹریلین کا سرکلر ڈیٹ سر پر کھڑا ہے ۔ ریحام خان سے معافی مانگنے اور مواد کی تردید کا مطالبہ کرتے ہیں، اگر ریحام نے ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کریں گے ۔ امید تھی ریحام اپنی کتاب کے مواد اور جزئیات کی تردید کریں گی لیکن سوال چنا اور جواب گندم کا سلسلہ جاری ہے ۔ سلمان احمد نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے ریحام کو عمران خان کیخلاف ایک لاکھ پاؤنڈ دیئے ہیں۔ریحام تین سال سے کوئی کام نہیں کررہی ہیں، طلاق کے بعد ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ۔ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آرہا ہے ؟ وہ شہزادیوں جیسی زندگی گزار رہی ہیں۔الیکشن کمیشن سے درخواست ہے اس طرح کی کتاب پری پول رگنگ کے زمرے میں آتی ہے ، لہذااس کتاب پر پابندی لگنی چاہیے ، اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس کا نوٹس لے ۔علاوہ ازیں عمران خان کے مشیر عون چودھری نے دعویٰ کیا کہ ریحام نے میرے سامنے علیم خان سے اپنی فلم کے لیے ایک کروڑ روپے مانگے ، دورہ کراچی میں بھی ریحام نے ایک بزنس مین سے رقم مانگی ۔ریحام کو پیسوں اور طاقت کی لالچ تھی او ر جس کو حاصل کرنے کی جلدی تھی ۔دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریحام نے سارا کام پیسے کیلئے کیا۔ ریحام خان کی کتاب کے اصل کھلاڑی شہبازشریف ہیں۔ شہبازشریف کیخلاف بہت سارے کرپشن کے کیس ہیں۔ شہبازشریف نے ریحام خان کو استعمال کیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف بھی ایک دن جیل ضرور جائیگا۔حدیبیہ کیس، ماڈل ٹائون سانحہ،میٹرو بس اور دیگر کیسز میں ان کو سزا ضرور ہوگی۔ یہ دونوں بھائی ایک نمبر کے چور ہیں۔اینکر حمزہ علی عباسی نے کہا کہ کتاب میں مذہبی فرقہ واریت کا بھی ذکر ہے ۔