ملتان (نیوز رپورٹر)ماڈل کورٹ نے معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کا فیصلہ ایک روز کیلئے محفوظ کرلیاہے جوآج سنایا جائے گا،قبل ازیں مقتولہ قندیل کے والدین نے بیٹوں کو معاف کرنے اور بری کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کی تھی جوعدالت نے خارج کردی تھی۔گزشتہ روز ماڈل کورٹ ملتان کے جج عمران شفیع نے ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوشن کے دلائل مکمل ہونے پرمقدمہ کا فیصلہ محفوظ کیا ۔اس موقع پر ملزمان وسیم ، مفتی عبدالقوی ، اسلم شاہین، ظفر حسین ، عبدالباسط اور حق نواز عدالت میں پیش ہوئے ۔ گواہوں کے بیانات پر ملزمان کے وکلا نے دلائل دیئے جن میں غیرت کے نام پر قتل کی دفعہ کا اطلاق ،واقعہ کا عینی شاہد نہ ہونے اور والدین کے راضی نامہ پر بحث کی گئی جبکہ پراسیکیوشن نے دلائل میں ملزم کے اقبال جرم ، غیرت کے نام پر قتل ناقابل راضی نامہ ہونے پر بحث کی۔ دوسری جانب مقدمہ میں کم و بیش 130 پیشیاں ہوئیں۔