لاہور،ملتان، ڈیرہ غازیخان(خصوصی نمائندہ، سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کے دھرنے کیلئے تیار ہیں، آئیں گے تو دیکھ لیں گے ۔بعدازاں انہوں نے حضرت بہاؤالدین زکریاملتانی کے مزار پر حاضری دی،وزیراعلیٰ اوردیگر شخصیات نے حضرت بہاؤالدین ذکریا کے مزار کو غسل دیا۔ انہوں نے کہا کہ نشترہسپتال میں 56 کروڑ کی لاگت سے ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ سنٹر قائم کیاگیاہے ، نشتر فارمیسی اورسٹور بلاک 35 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاجائے گا ۔ہاکی گراؤنڈ میں 15 کروڑ روپے کی لاگت سے سنتھیٹک ٹرف بچھایا جائے گا،25 کروڑ روپے کی لاگت سے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ریجنل آفس کی بلڈنگ ملتان کے اندر تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 ارب 41 کروڑ روپے کی لاگت سے نشتر ٹو کا آغاز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی توسیع پر 2 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ملتان کے قیام پرایک ارب 17 کروڑروپے کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ملتان کے صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ دینے کا اعلان کیا اور ملتان میں پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے آفس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے نشتر ہسپتال میں نیفرالوجی یونٹ میں نئے ڈائیلسز سنٹر کا افتتاح کیا اور ڈینگی وارڈ ، ڈائیلسز سنٹر کا معائنہ کیا ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے مشیر برائے صحت حنیف پتافی نے ملاقات کی اور ڈیرہ غازیخان کی سیاسی صورتحال اور ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے حضرت بہاؤالدین زکریا کے مزار پر منعقدہ کانفرنس میں خصوصی شرکت کی،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دعا کرائی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے میوہسپتال کی لفٹ میں پھنسنے والے 13سالہ لڑکے فہد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورپنجاب حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندان کو10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔