ملتان (سپیشل رپورٹر)روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ملتان میں پی ٹی آئی کی تقریب بد نظمی کا شکار ہو گئی ۔ کارکنوں نے کیک پر دھاوا بول دیا اور لنچ باکسز پر برس پڑے ۔ مقامی قیادت کے منع کرنے کے باوجود جس کے ہاتھ جو آیا لے کر چلتا بنا ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں چونگی نمبر 14 سے جنرل بس اسٹینڈ تک سڑک کی تعمیر کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر نے کیک بھی کاٹا ۔ کیک کٹنے کی دیر تھی کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کیک پر دھاوا بول دیا ۔ ہڑبونگ مچنے پر جس کارکن کے ہاتھ جو آیا وہ لے کر چلتا بنا ۔ مقامی قیادت کے منع کرنے کے باوجود کارکن چھینا جھپٹی سے باز نہ آئے اور ایک دوسرے سے کیک چھین کر کھاتے رہے ۔ بعد ازاں لنچ باکسز پر بھی کارکنوں نے ہلہ بول دیا اور منتظمین کے ہاتھوں سے لنچ باکس چھینتے رہے ۔