لاہور(وقائع نگار،کرائم رپورٹر،نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب نے ملک امجد نون کو چیئرمین ایل ڈبلیوایم سی لگادیا جبکہ 4جیل افسراور2ایس ڈی پی اوتبدیل کردیئے گئے ۔تفصیل کے مطابق ملک امجد علی نون کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ۔ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور نے ملک امجد علی نون کی چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کے عہدے پر تقرری کی منظوری دی جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔وزیر اعلیٰ نے نئے چیئرمین کو لاہور شہر کی صفائی کیلئے بہترین انتظامات کا ٹاسک دیا ہے ۔ادھر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل کے 4افسران کے تقرر و تبادلے کردیئے ۔نوید اختر کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ایگزیکٹو)ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ اور کاشف علی کوڈپٹی سپرنٹنڈنٹ(جوڈیشل)سنٹرل جیل ملتان ،شوکت علی کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ(ایگزیکٹو) ڈسٹرکٹ جیل لودھراں تعینات کردیا گیا جبکہ نوید انجم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ(جوڈیشل)سنٹرل جیل ملتان کا انسپکٹوریٹ آف پریزنزپنجاب لاہور تبادلہ کردیا گیا۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے ایس ڈی پی اومظفر گڑھ ملتان حیدر حسین کوایس ڈی پی او یزمان بہاولپور، ایس ڈی پی او یزمان بہاولپور عمران عارف سیال کو ایس ڈی پی اومظفر گڑھ ملتان تعینات کردیا ۔دریں اثنامحکمہ ریلوے نے پروموشن کمیٹی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے پولیس کے 4سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے رینک پر ترقی دیدی،ترقی پانے والوں میں لاہور ڈویژن کے سب انسپکٹررفاقت حیات تارڑ، راولپنڈی کے بشیر، ملتان کے صدیق اور ورکشاپس ڈویژن کے فرید شامل ہیں۔