مکرمی !بلاشبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اکیسویں صدی میں ترقی کی ضمانت ہے اس وقت معیشت کا دارومدار بھی آئی۔ ٹی پر ہے۔دنیا کی چار بڑی آئی۔ ٹی کمپنیز گوگل، فیس بک ، اپیل اور ایمزون ہے۔ان چار کمپنیز کا معاشی حجم 122ممالک کے سالانہ جی ۔ڈی۔پی سے بھی زیادہ ہے۔ ملک خداداد میں آئی۔ ٹی کی چارو ں کمپنیز گوگل، ایمزون، ایپل اور فیس بک کی سرمایہ کاری تو دور کی بات، ان کے دفاتر تک نہیں۔ پاکستان میں ایمزون نے نہ آنے کی ایک بڑی وجہ Paypal کا نہ ہونا بتایا ہے۔ پے پال آن لائن پیمنٹ کا مقبول ذریعہ ہے۔جسے کروڑوں صارفین بلاجھجک آن لائن خریداری کیلئے استعما ل کرتے ہیں۔پے پال نہ ہونے کی وجہ سے فری لانسنگ میں بھی ہمارے نوجوانوں کو مشکلات در پیش ہیں۔ اب اگر حکومت سنجیدگی کیساتھ پے پال اور کمپنیز کے دیگر مسائل کو حل کرے تو بلاشبہ پاکستان میں نہ صرف حیران کن حد تک سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ ہمارے نوجوانوں کو ترقی کے نئے مواقع بھی میسر آئینگے۔ اب ہمیں واقعی سنجیدہ ہونا پڑے گا کیونکہ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ اکیسویں صدی میں کوئی بھی ملک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ (نوید ریاض‘ جھنگ)