اسلام آباد؍ کراچی(خبرنگار خصوصی؍ نیٹ نیوز ) یوم بحریہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ 1965 کی جنگ میں ’’دوارکا‘‘ کے محاذ پر دشمن کو عبرتناک شکست، ریڈار سسٹم اور ہوائی اڈہ تباہ کر کے کراچی محفوظ بنانے والوں کو سلام پیش کیا گیا۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء اورغازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے ، یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے ، آپریشن دوار کا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے ، پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ دوار کا پر حملہ کر کے ریڈار سٹیشن تباہ، دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔ نیول چیف نے کہا خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کا دفاع کریں گے ۔علاوہ ازیں پاکستان نیوی نے یومِ بحریہ پر خصوصی ڈاکیومنٹری فلم ’’سرخرو‘‘ ریلیز کردی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ ڈاکیوفلم پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی آبدوز کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روکنے کی کامیاب کارروائی پر مبنی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یوم بحریہ کے موقع پر سمندروں اور ساحلوں کی پاسبان پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیوی نے 1965 کی جنگ میں پاک فوج اور فضائیہ کے شانہ بشانہ بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔