لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ ، ملتان ، کراچی، حیدر آباد، چترال ، کوئٹہ (سپیشل رپورٹر، کرائم رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں ، بلوچستان ،خیبر پختونخوا اور سندھ میں طوفانی آندھی، بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، ملک بھرمیں 29 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ، ٹریفک شدید متاثر ہوگئی ، کئی شہروں میں سینکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری شدید پریشان رہے ، فصلوں کو شدید نقصان پہنچ گیا، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا، بولان میں سیلاب میں پھنسے 6 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا، بارش اور طوفانی ہواؤں سے چھتیں، سائن بورڈ اور درخت گرنے ، آسمانی بجلی سے بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا۔ مظفر گڑھ میں قصبہ بصیرہ میں کرمداد قریشی کے علاقہ بستی گورمانی میں آسمانی بجلی گرنے سے 25 سالہ نوجوان عدنان جاں بحق ہوگیا ، خانیوال میں ژالہ باری اور بارش سے مکانوں کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے ، حاصل پور میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ، طوفانی ہواؤں کے باعث کراچی میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ، سمندر میں ماہی گیروں کی دو کشتیاں ڈوب گئیں ، کشتیوں میں سوار 4 افراد کو بچا لیا گیا اور 12 لاپتہ ہوگئے ، چترال میں مکان پر تودہ گرنے سے 3 افراد چل بسے ۔ بلوچستان میں حب، دکی اور نوشکی میں بارش کے باعث حادثات اور مکانات گرنے سے 12افراد جاں بحق اور 30زخمی ہوگئے ۔ لاہورمیں شدیدآندھی کے بعد بارش ہوئی، لیسکوکے 150سے زائد فیڈرٹرپ کرگئے ، ٹرپنگ کے باعث شہرکے مختلف علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی،جوہرٹائون،واپڈاٹائون،رائیونڈروڈ،شالامارباغ کے علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی،مغلپورہ،گلبرگ،فیروزپورروڈکے متعددعلاقوں سے بھی بجلی غائب ہوگئی، 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، شاد باغ میں عامرروڈپرمکان کی چھت گرنے سے 8 سالہ تانیہ جاں بحق اور7 زخمی ہوگئے ،منصورہ بازارمیں گھرکی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے ،کاہنہ کاچھا میں گھرکی چھت گرنے سے 3افرادزخمی ہوگئے ،زخمیوں کومختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا۔دیگر زخمیوں میں 38 سالہ رسول بی بی زوجہ لیاقت،32 سالہ نازیہ زوجہ اشفاق، 70 سالہ فضاء بی بی زوجہ صدیق، 27 سالہ سمیرا زوجہ قیصر، 40 سالہ نجمہ زوجہ خالد، 30 سالہ فرزانہ زوجہ ریاض، 7 سالہ خرم ولد ریاض، 5 سالہ اظہر، 10 سالہ شجاعت ولد حنیف اور 40 سالہ صفیہ بی بی زوجہ اقبال شامل ہیں، مانگا منڈی میں چھت گرنے ، بجلی کی تاریں گرنے سے آگ لگنے سے دو افراد زخمی ہوگئے ، فیسکوریجن کے مختلف اضلاع میں شدیدطوفان بادوباراں سے ریجن بھرکے 110فیڈرزسے بجلی فراہمی معطل ہوگئی، ساہیوال، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے درخت، سائن بورڈ گرنے سے بھاری نقصان ہوا اور بجلی غائب ہوگئی، فقیر والی میں بارش اور ژالہ باری گندم اور چنے کی تیار فصل کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔ جیکب آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے ، حیدرآباد میں متعدد مقامات پر بجلی کے پول ، درخت، سائن بورڈ گر گئے ، ایک درجن افراد زخمی ہوئے ، جنوبی پنجاب میں ملتان، کوٹ ادو، ڈی جی خان اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی اور سیلاب سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچ گیا، حالیہ بارشوں کے باعث کوہ سلمان سے وڈور کے مقام پر وڈور ندی میں سیلابی ریلا آنے سے قصبہ وڈور میں گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ، وڈور سے نکلنے والا رودکوہی فصلوں کو اجاڑتے ہوئے پل کلیری کے قریب ڈی جی کنال تک پانی آ گیا ، جام پور محمدپوردیوان میں شدید موسلادھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گئے نشیبی علاقوں میں تین فٹ تک پانی جمع گندم وتمباکوکی فصل کا بھی نقصان ہوا، حاجی پور راجن پور روڈ بھی زیرآب آنے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوتے ہی دریائے سندھ کا کٹاؤ شدت اختیار کر گیا، اب تک کے کٹاؤ سے ہزاروں ایکٹر پڑ کھڑی فصلات تباہ ہونے کا خدشہ ہے ، سونا اگلتی زمینیں بھی دریا برد ہورہی ہیں۔ مبارک پور میں گندم کی فصل اور آموں کے باغات کو کافی حد تک نقصان پہنچا ۔ حاجی پور راجن پور روڈزیرآب آنے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،محکموں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ، خانیوال میں شدید ژالہ باری اور بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں گرگئیں، جس کی وجہ سے شاہین ٹاؤن،احمد نگراورمجاہد ٹاؤن میں3افراد جاں بحق اور40 سے زائد زخمی ہوگئے ،حاصل پور میں طوفانی بارش کے بعد جالندھرکالونی میں فیکٹری کی دیوارگرنے سے 3مزدورجاں بحق اورتین زخمی ہوگئے ،چشتیاں روڈپردرخت گرنے سے فیاض نامی شخص جاں بحق ہوگیا،چترال میں مضافاتی علاقے دنین میں گجان گاں میں سلیم خان کے مکان پر پہاڑی تودہ گر گیا ،خاتون سمیت 3 افراد جا ں بحق ہوگئے ، بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے 4 بچوں سمیت 12افراد جاں بحق ، 30زخمی ہوگئے ، خانوزئی میں 4افراد لسبیلہ میں 3، ، بارکھان، بولان اور دکی میں بھی ایک ایک جاں بحق ہوا، حب میں پھسلن اورگردوغبار کے باعث 5مسافر کوچز الٹنے سے 3افراد جاں بحق ، 25 زخمی ہوئے ، کوئٹہ میں بجلی کے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے اور10 گھنٹے تک بجلی معطل رہی، ، گوادر میں بارشوں کے بعد آکڑہ اور بیلار ڈیم پانی سے بھرگئے ، ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، حکومت نے بلوچستان بھر میں الرٹ جاری کر دیا، بولان کے علاقے بی بی نانی میں سیلابی ریلے میں پھنسے ہوئے بچوں سمیت6افراد کو ایف سی اور انتظامیہ نے ریسکیو کرلیا، محکمہ موسمیات نے آج منگل اور کل بدھ کو بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔