لاہور/کراچی(نمائند ہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر )ملک بھر میں ذی الحج 1440ھ کا چاند دکھائی دے گیا۔آج ہفتہ3 اگست کو یکم ذی الحج ہے ، جبکہ پیر 12 اگست کو عید الضحی ٰ منائی جائے گی۔ فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی کریں گے ۔ لاہور میں عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار میں ہوں گے ۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کریں گے ۔چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت ہوا۔ لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ ، پشاور میں صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ۔ لاہور میں ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ صاحبزادہ فضل الرحیم، مولانا مقصود احمد قادری، مولانا محمد امجد خان، مولانا مفتی انتخاب احمد نوری، ڈاکٹر عبد الغفور راشد،مولانا ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مولانا غلام مصطفی ثاقب، صوبائی خطیب اوقاف، مفتی محمد رمضان سیالوی ، مولانا عبد الخبیر آزاد، آصف اعجازاور ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس کے شرکا کو نارووال، سیالکوٹ، جہلم اور دیگر شہروں سے چاند دکھائی دینے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔