اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،آزادکشمیر،گلگت بلتستان( نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیٹ نیوز ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستانی شاہینوں کی جیت کی خوشی میں مقبوضہ و آزادکشمیر،گلگت بلتستان ، لاہور ، کراچی، پشاور،کوئٹہ سمیت پورے ملک میں بھرپور جشن منایا گیا ، منچلے نعرہ تکبیر اﷲ اکبر ،پاکستان زندہ اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالتے رہے ، آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا ، کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں ۔ لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ کئی شائقین کرکٹ خصوصاً خواتین جیت کی خوشی میں اپنی جذبات پر قابونہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہو گئے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی نوجوانوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر نعرے بازی، آتشبازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں، لاہور میں مال روڈ سمیت مختلف شاہراہوں پر منچلوں نے خوب جشن منایا اور ریلیاں نکالیں جبکہ پاکستان کی بڑی جیت پر بھارت میں سوگ کا سماں رہا ۔دریں اثنا صدرمملکت عارف علوی اورچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قومی ٹیم کو جیت پر مبارک باد دی۔اپنے ٹویٹ میں صدرمملکت عارف علوی نے لکھاکہ شاباش گرین شرٹس مکمل صفایا۔ ہمیں آپ پر فخرہے یہ ایک اچھا اور اہم میچ تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی میچ دورہ سعودی عرب کے دوران ٹی وی پر دیکھا اور شاہین شاہ سمیت قومی کرکٹرز کو مبارکباد دی اور کہا قوم کو آپ سب پر فخر ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قومی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی ہے ۔ ان کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود،وفاقی وزیر چودھری فواد حسین،وزیر مملکت فرخ حبیب ، شیخ رشید، شبلی فراز، شاہد آفریدی، پی پی رہنما علی حیدر گیلانی ، سندھ کے صوبائی وزیر سینیٹر سعید غنی ، وزیر مملکت زرتاج گل ، سینیٹر فیصل جاوید خان، شہباز شریف، مریم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو ، راجہ پرویز اشرف،حسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سابق کرکٹرز نے بھی قومی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی ۔