لاہور(نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر)لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کی تیاریاں مکمل،آج لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے ۔اس سلسلہ میں داتا دربار کمپلیکس، بادشاہی مسجد سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام وقف مساجد میں ہزاروں افرادکے اعتکاف کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں، آج سے شروع ہونے والے آخری عشرہ سے مساجد میں رش بڑھ جائے گا۔ طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے ۔لاہور کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے چند دن پہلے سے ہی ا نتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی تھی۔جامع مسجد داتا دربار میں مجموعی طور پر 2135 شہری معتکف ہوں گے تو بادشاہی مسجد میں بھی سینکڑوں افراد اعتکاف کریں گے ۔ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کوتلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اﷲ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات ومناجات پیش کرینگے ۔