کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی عدم بازیابی سے متعلق درخواستوں پر ملک بھرمیں قائم حراستی مراکز میں قید شہریوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے لاپتہ شہری موسیٰ اور دیگر کی فوری بازیابی کا حکم دیدیا،جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی سے متعلق سماعت ہوئی،عدالت نے وفاقی حکومت پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا وفاقی سیکرٹری داخلہ مسلسل سندھ ہائیکورٹ کے حکم نامے کونظراندازکررہے ہیں،20 سے زائد لاپتا افراد کے معاملے پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کوشوکازنوٹس جاری کئے گئے لیکن باربارشوکازاورتوہین عدالت نوٹس جاری ہونے کے باوجود خود پیش ہوتے اورنہ ہی رپورٹ پیش کرتے ہیں،جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا وفاقی سیکرٹری داخلہ خود کوقانون سے بالاترسمجھتے ہیں؟،لاپتہ افراد کے اہلخانہ دھکے کھارہے ، وفاقی حکومت کو احساس نہیں،کیا انسانی حقوق کا خیال رکھنا انکی ذمہ داری نہیں ہے ؟ ،عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ایک بارپھرشوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے 27 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔