پشاور (خبرنویس،مانیٹرنگ ڈیسک ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع سے غربت کا خاتمہ اور ان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صحت انصاف کارڈز غریب گھرانوں کے لئے بیماری میں بڑا سہارا ہوں گے ، تخفیف غربت کے ایک بڑے اور یکجا پروگرام کا اسی ماہ اعلان کیا جائے گا، مشکل وقت سے کسی حد تک نکل چکے ہیں، ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، کچھ حد تک اس مشکل سے نکل گئے ہیں، اگرچہ مکمل تو نہیں نکلے لیکن سر پانی سے باہر آگیا ،قبائلی علاقوں میں آپریشن کیخلاف تھامگراس وقت میرے اختیار میں کچھ نہیں تھا ، آج موقع ملا ہے تو قبائلی عوام کی ترقی ، خوشحالی اور بہتری کیلئے تاریخی اقدامات کریں گے ،سعودی شہزادے کا دورہ سرمایہ کاری کیلئے اہمیت کا حامل ہوگا، اس دورے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو ں گے ، ملکی معیشت کو استحکام ملے گا ، ملک کی دولت بڑھے گی تو قرضے واپس ہو سکیں گے ۔ وہ خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے لئے صحت انصاف کارڈز کے اجراکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں کے لوگوں کے ساتھ کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرنے پر آج بہت خوش ہیں، غربت میں کمی کے لئے ایک پورا پروگرام ترتیب دیا ہے جو رواں ماہ کے آخر تک پیش کر دیا جائے گا۔ ہیلتھ کارڈ بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے جو غریب گھرانے کے لئے سب سے بڑی نعمت ہے ، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کی سہولت حاصل ہوگی، قبائلی علاقوں کے لئے ہمارا پروگرام صرف تخفیف غربت کے لئے نہیں بلکہ اب ہم ان علاقوں کی ترقی پرتوجہ دیں گے ، اس سلسلے میں فنڈز جاری کر رہے ہیں جو قبائلی علاقوں میں خرچ ہوں گے ، ان سے سکول، ہسپتال، ہیلتھ یونٹس بنائے جائیں گے ، وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم نے کہاں کہاں کام کرنا ہے ، قبائلی علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کا سب سے زیادہ احساس تحریک انصاف نے ہی کیا ، وزیراعظم نے کہا کہ وہ اسی لئے آپریشن کے حامی نہیں تھے کہ اس سے سب سے زیادہ مقامی لوگ متاثر ہوتے ہیں، اس موقع پر وزیراعظم نے قبائلی اضلاع کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے ۔ ادھر عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے قبائلی علاقہ جات میں انتظامی، قانونی اور مالی اصلاحات جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قبائل کی بحالی اور بہتر سماجی حالات کی ریاستی ذمہ داری پوری کرے گی، امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے ، قبائلی علاقہ جات کو ملک کے باقی شہریوں جیسی تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔قبل ازیں وزیراعظم سے پشاور پہنچنے پر وزیراعلیٰ اورگورنرخیبرپختونخوانے ملاقات کی۔