لاہور(پ ر ) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و ترجمان سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ ملک میں بزدلوں کی حکومت ہے ، نیب کے مطلوب افراد کابینہ میں موجود ہیں لیکن عوامی قائدین کو ہی ہدف بنایا جارہا ہے ، آصف علی زرداری کے بعد فریال تالپور کی گرفتار ی بزدلی کی اعلی مثال ہے ،فریال تالپور بہادر اور نڈر خاتون ہیں، فریال تالپور نے ماضی میں بھی حالات کا مقابلہ دلیری سے کیا اور اب بھی وہ گھبرانے والی نہیں ہیں ، انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ناقص کارکردگی سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سب کچھ کررہی ہے ، اپوزیشن کی خلاف انتقامی کاروائیوں کی حد ہوگئی ہے ،ایوان وزیراعظم میں اپوزیشن کے خلاف روز منصوبہ بندی ہوتی ہے ، انہوں نے کہاکہ اب عوام ایسی کسی کاروائی کو قبول نہیں کریں گے ، عوام جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کو عوامی خدمت کرنے کی سزاد ی جارہی ہے ،قائدین پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، عوام حقائق سے آگاہ ہیں ، عوام سے بڑھ کر کسی کی گواہی نہیں۔