کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ جوحکومت اپنے منشورپرعمل نہ کرسکے وہ ناکام حکومت کہلاتی ہے تحریک انصاف کی حکومت اپنے ہی منشور پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی رہائشگاہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم شاہ سے ان کے بڑے صاحبزادے سید مظفر علی شاہ کے انتقال پراظہار تعزیت کیا۔یوسف رضا گیلانی نے موٹر وے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفردار تک پہنچناچاہئے ۔ یوسف گیلانی نے کہاکہ ملک میں صدارتی نظام نہیں چل سکتا،کوئی بھی سسٹم برا یا اچھا نہیں ہوتا،میری ذاتی رائے میں پارلیمانی نظام ہی ملک کیلئے بہتر ہے ،کیونکہ یہ نظام حکومت پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہے ،قائد اعظم محمد علی جناح جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی وہ بھی پارلیمانی نظام کے حامی تھے ۔