اسلام آباد، کراچی(وقائع نگار خصوصی، سپورٹس رپورٹر)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملک میں فٹبال کے فروغ کیلئے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی کا پہلا اجلاس آج بدھ کو شام چاربجے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ آٹھ رکنی کمیٹی کے کنوینیئر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ہونگے ، کمیٹی میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز،سینیٹر محمد علی سیف ،سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد خان، اسد اشرف، مرزا آفریدی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر انجنیئر سید اشفاق حسین شاہ شامل ہیں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کمیٹی بنانے کا مقصد ملک میں فٹ بال کو فروغ دیناہے ، اس سلسلہ میں کمیٹی کے قیام کا سینیٹ سیکرٹریٹ نے باضابطہ نوٹفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، نائب صدور رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر، ظاہر علی شاہ اور سردار نوید حیدر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے کمیٹی بنانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں گراس روٹ سطح پر فٹبال کے کھیل کو فروغ ملے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن گراس روٹ سطح پر انٹر کلب چیمپئن شپ منعقد کرانے جاری ہے ،جس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں، جس میں ملک بھر سے 3 ہزار کے قریب کلب حصہ لیں گے ۔