ملتان، اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر، صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے سابقہ حکومتوں نے ملک کو اس قدر قرض کی دلدل میں دھکیلا کہ اب اس قرض کی ادائیگی کیلئے مزید قرض درکار ہے ۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ یپکا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا جب پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تو ملکی خزانہ خالی ، معیشت انتہائی کمزور اور ملکی ادارے انتہائی ناگفتہ حالات میں تھے ۔ انتہائی مجبوری کی حالت میں ملکی معیشت کی بہتری کیلئے دوست ممالک کے پاس جانا پڑا۔ اس موقع پر ایپکا وفد نے وزیر خارجہ کو اپنی گزارشات پیش کیں۔ شا ہ محمود قریشی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ فورم تک پہنچائیں گے ۔ علا وہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی جس میں کشمیر کی تازہ صورتحال ، اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی کشمیر پر حالیہ رپورٹ ، برطانوی ہائوس آف کامنز ، آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ ، یورپی پارلیمنٹ اور رابطہ عالم اسلامی کی رپورٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔سردار عتیق احمد خان نے کہا بھارت دبائو بھارت کو پاکستان کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر مجبور کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوچکی ہیں ۔