اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرکے رہیں گے ۔وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا پبلی کیشن (ڈیمپ) کے زیر اہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے تین روزہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا قائد اعظم نے جس خواب کی تعبیر کو حقیقت میں بدلا اس کی سچائی آج پوری طرح عیاں ہے کہ مودی سرکار کسطرح بھارت کے اندر رہنے والی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیساتھ ظلم وجبر کررہی ہے اور کشمیرکی وادی کو 5 اگست2019 کے بعد عملاًجیل میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ پاکستان کاقیام ہم پر ہمارے بزرگوں کا احسان ہے اور ہمارا فرض ہے ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان اپنی آئندہ نسلوں کیلئے چھوڑ کر جائیں، ہم یہ فرض اپنے بچوں کیلئے ضرور نبھائیں گے اور ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرکے رہیں گے ۔ ملک کو آج جتنے بھی چیلنجز درپیش ہیں اس کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیساں ہیں جنہوں نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی۔ ہماری حکومت احتساب کا عمل جاری رکھے گی اور قانون کی بالا دستی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ مادر وطن کو مثالی اسلامی فلاحی ریاست مدینہ بنانے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے تحریک پاکستان کے حوالے سے شائع تاریخی کتب وجرائد اور ڈیمپ کی جانب سے ملی نغمے کی دھن پر مرتب دستاویزی فلم دیکھی اور یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی، ڈائریکٹر جنرل ڈیمپ عمرانہ وزیر، پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد اور دیگر سینئر افسر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح تحریک انصاف کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے ، جدید سہولتوں کا حامل یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پشاور کے عوام کیلئے تحفہ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جدوجہد اور محنت سے ہمیشہ اپنے ناقدین کو غلط ثابت کیا۔