منڈی بہاؤالدین، (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم نے کہا ہے کہ درخت لگانا انسانی صحت اور ماحول کیلئے بے حد مفید ہے ۔ انسانوں کو سانس لینے کیلئے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ درختوں ہی سے حاصل ہوتی ہے ۔شجرکاری کا مفہوم صرف موسم برسات میں درخت لگانا ہی نہیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال اور تناور درخت بننے تک ان کی نگہداشت بھی نہایت ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رسول میں شجرکاری کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ درخت لگانا ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہے ۔ کسی بھی ملک کے 25فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے ۔لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے ۔ اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی افرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔