لاہور/اسلام آباد (جنرل رپورٹر،آن لائن) پاکستان پولیو پروگرام کے مطابق آج پیر سے ملک کے 97 اضلاع میں 2 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ۔ پاکستان پولیو پروگرام کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق اس کام کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے ۔خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں 55 لاکھ سے زائد ، سندھ کے 20 اضلاع میں 60 لاکھ سے زائد ، پنجاب کے 12 اضلاع میں 66 لاکھ سے زائد ، بلو چستان میں 11 لاکھ سے زائد اور اسلام آباد میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ،دریں اثنائکوآرڈینیٹرایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو پنجاب سلمان غنی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لاہور اور مظفر گڑھ کے مکمل اضلاع جبکہ راولپنڈی ، شیخوپورہ، ملتان، بہاولپور، بھکر، میانوالی، فیصل آباد اور رحیم یار خان کی منتخب یونین کونسلوں کو پولیو مہم میں شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے والدین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین محفوظ، موثر اور حکومت پاکستان کے تحت کام کرنے والی اتھارٹیز سے منظور شدہ ہے ۔ جو والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین نہیں پلاتے وہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ گردونواح کے دوسرے بچوں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔