پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ملک کے فیصلے کہیں اور سے ہو رہے ہیں اور غلط فیصلے کرنے والے سانحہ مشرقی پاکستان کو بھی ذہن میں رکھیں ، پنجاب پر کوئی بھی فیصلہ زبر دستی مسلط کرنے سے نفرت پیدا ہو گی۔ پی کے 65میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے این پی دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ سینہ سپر رہی اورکبھی غیر جمہوری قوتوں کے سامنے نہیں جھکی ، انہوں نے کہا کہ 2013ء میں الیکشن نہیں ہوا بلکہ حکومت کسی کے حوالے کی گئی تاہم تحفظات کے باوجود ہم نے نتائج تسلیم کئے ،میاں افتخار نے کہا کہ آج پھر سے سب پر دروازے بند کر کے ایک مخصوص شخص کیلئے تمام دروازے کھول دیئے گئے ہیں، شفاف الیکشن ہوں تو پی ٹی آئی کا ملک سے نام و نشان تک مٹ جائے ، اداروں کا احترام ختم نہیں ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے انگریز دور سے آج تک ہمیشہ قربانی دی ہے ،ہمارے آباؤ اجداد نے ہماری آزادی کیلئے جانیں قربان کیں اور آج پختونوں کو ان کی قربانیوں کے نتیجے میں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کا خواب دیکھنے والے ایک شخص نے سیاسی ماحول کو خراب کر دیا ہے ،پختونوں کا مستقبل تباہ کرنے میں کپتان کا ہاتھ ہے ۔