لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ16دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن جب ملک دولخت ہوا اور اے پی ایس پر دشمن نے حملہ کرکے معصوم بچوں کا قتل عام کیا،منصورہ میں تجدید عہد رکنیت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پانچ سال قبل پشاور میں132پھولوں کی قربانی نے قوم کو متحد کردیا ۔جماعت اسلامی شہید بچوں کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ ملک کوایک بار پھر 71ء جیسی صورتحال کا سامنا ہے ،سقوط ڈھاکہ کو بھلانے والے سانحہ کشمیر کی راہ ہموار کررہے ہیں۔اب بھی وقت ہے کہ حکمران سقوط کشمیر کو روکنے کیلئے جرأت مندانہ فیصلے کریں، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوناچاہیے ۔ ملک میں ایک بار پھر عصبتیں سراٹھارہی ہیں، قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک کے خزانے اور عوام کو نچوڑا جارہا ہے ۔حکمران حکمرانی کے مزے لیتے ہیں اور عوام انہیں جھولیاں اٹھا اٹھا کر بدعائیں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی نظریہ پاکستان سے کمٹمنٹ ہے ۔ہم اس کی اسلامی شناخت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ کشمیر یوں کو 138دن سے سقوط سرینگر جیسی صورتحال کا سامنا ہے ۔آر ایس ایس کے غنڈے اور نولاکھ سے زائد غاصب بھارتی فوج کشمیر یوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑرہی ہے مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کو اس ظلم سے نجات دلانے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہم 22دسمبر کو اسلام آباد میں تاریخی کشمیر مارچ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو خود بھی جاگنا اور عالم اسلام اور پوری دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کی طرف متوجہ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر امیر العظیم ، لیاقت بلوچ ، راشد نسیم ، پروفیسر محمد ابراہیم ، مولانا عبدالمالک ، حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے ۔