لاہور( این این آئی)صوبائی وزیرِ کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سا لمیت ،سربلندی کے لئے تمام سیاسی و غیر سیاسی ادارے ایک کتاب کے ایک صفحے کی ایک سطر کے ایک لفظ پر اکٹھے ہیں، آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کی وجہ سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج جو کہ بستر مرگ پر تھا اسے درست کرنے کیلئے وزیر اعظم کی قیادت میں تمام ادارے اور حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے ،وزیراعظم پوری دنیا کے سامنے دہشتگردی، اسلاموفوبیا اور ناموسِ رسالت سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا جواب دیں کہ مشرف کے دور میں ہندوستان کی زمین پر کھڑے ہو کرانکی پارٹی کے رہنماؤں نے کشمیری حریت پسندوں کے بارے میں کیا الفاظ ادا کیے تھے ؟ امریکی سفیر پیٹرسن سے وزارتِ عظمیٰ کی درخواست کرتے ہوئے مولانا نے کونسی شرائط اور کونسی سروسز دینے کا وعدہ کیا تھا؟ ۔