پشاور (آن لائن ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان سعودی عرب کے دورے کے بعد گزشتہ رات دبئی پہنچ گئے جہاں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اسفند یار ولی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک سنگین سیاسی بحران کی زد میں ہے اور موجودہ نا اہل حکمرانوں کی نا تجربہ کاری سے ملکی معیشت آخری ہچکیاں لے رہی ہے ،ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی روپے کی گراوٹ کا ریکارڈ قائم ہوا ہے جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑا ، انہوں نے مزید کہا مسلط وزیر اعظم کا حشر بھی ضیا ء الحق اور مشرف جیسا ہو گااور کپتان کی سیاست اپنی موت آپ مر جائے گی ، درحقیقت ملک میں جو تبدیلی آئی اس میں متوسط طبقہ غربت کی لکیر سے نیچے جا گرا ، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں یکساں قانون نہیں ، اپنے چوروں کو صرف جرمانے کر کے تحفظ دیا جا رہا ہے جبکہ سیاسی مخالفین کو کوئی کیس نہ ہونے کے باوجود جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے ۔وہ 15 فروری کو دبئی میں باچاخان اور ولی خان کی برسی تقریب سے خطاب کرینگے ۔