کابل(نیٹ نیوز) افغانستان میں مختلف حملوں میں خاتون ڈاکٹراور 7مزدوروں سمیت18افراد ہلاک ہوگئے ۔جلال آباد میں خاتون ڈاکٹر گھر سے دفتر جانے کے دوران بم دھماکے کا نشانہ بنیں، ایک بچہ بھی زخمی ہوا، ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو ننگر ہار میں مارا گیا،4افراد کوگرفتار کرلیا گیا۔ دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ نے ابھی قبول نہیں کی۔ ننگر ہار میں مزدور پلاسٹر فیکٹری میں کام کر رہے تھے ، نامعلوم افراد نے حملہ کردیا ۔ ننگرہار کی صوبائی کونسل کے رکن اجمل عمر کے مطابق یہ واقعہ جلال آباد شہر سے 20 کلومیٹر دور پاکستان کی سرحد کے قریب پیش آیا، ابھی تک کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔افغانستان میں طالبان نے صوبہ قندوز کے علاقے گل تپہ پر حملہ کر کے 10 افغان فوجی اہلکاروں کوہلاک کردیا ۔طالبان نے حملے میں ہلاک ہونے والے افغان فوجیوں کی تعداد 17بتائی ہے ۔دریں اثناامریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں سرکاری عہدیداروں ، سول سوسائٹی، خواتین رہنماؤں اور دیگر افغان سیاسی شخصیات سے مفید ملاقاتیں کی اور افغان امن عمل پر بات چیت کی۔ زلمے خلیل زاد نے ٹویٹس میں بتایا کہ میں نے امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مشاورت کی اور مجھے حوصلا ملا کہ تمام افراد نے پائیدار امن کی حمایت کی ہے ۔