لاہور(رپورٹ :قاضی ندیم اقبال )صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہم کسی بھی بھارتی جارحیت اور مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینگے ۔مودی سرکارنے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پورے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ روزنامہ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر چیلنج، ہر مشکل اور ہر دشمن کا بہادری اور بے مثال جذبے سے مقابلہ کیا ۔کسی بھی بھارتی جارحیت کیخلاف پورا پاکستان متحد ہوگا۔ پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی کیلئے ہم سب پاک فوج کے سپاہی ہیں۔ پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ اور عظیم قربانیاں مظہر ہیں کہ ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، مگرامن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی ملک دہشتگردی سے اس طرح نہیں نمٹ سکتا تھا جس طرح پاکستان نمٹا ۔دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 70ہزار پاکستانی شہید ہوئے ۔موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیرت طیبہ ؐ پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے جبکہ اپنی ذات کی نفی کرکے ملک و قوم کا سوچنے والا ہی حقیقی لیڈر کہلانے کا حقدار ہوتا ہے ۔بلا شبہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، عوام کو درپیش معاشی و سماجی مسائل کے حل کیساتھ ساتھ ریاست مدینہ کی طرز پر مملکت خداداد پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کی غرض سے وزیر اعظم عمران خان کا وژن بڑا کلیئرہے ۔وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں صوفی ازم کو پرموٹ کرنے کیلئے جلد لاہور میں جدید اور معیاری سیرت و تصوف یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔پنجاب میں ’’صوفی یونیورسٹی‘‘ کا قیام عمل میں لانے کے بعدپی ایچ ڈی سکالرز پر مشتمل صوفی ریسر چ کونسل بھی قائم کی جائیگی جس کی نگرانی میں صوفیاء کرام کی تعلیمات کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جائیگاتاکہ دین اسلام اور نبی پاک ؐ کی تعلیمات کے بارے میں نوجوان نسل کو مستفید کیا جا سکے ۔ ریاست مدینہ کے فیضان کو دنیا بھر میں عام کرنے کیلئے قرآن و سیرت انسٹیٹیوٹ میں55کنال پر محیط عظیم عمارت بالخصوص "سٹیٹ آف دی آرٹ"اسلامک لائبریری میں تحقیق کیلئے جدید ترین وسائل دستیاب ہیں جبکہ صوبہ بھر کے وقف درباروں پر تصوف اکیڈمیز کا دائرہ کار وسیع کرنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے معاشرے میں پائی جانیوالی بے چینی اور بے رغبتی کے خاتمہ کیلئے قرآن، نبی پاک ؐ اور اولیاء اﷲ کی تعلیمات کوکتابی شکل میں لانے کیلئے بھی کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔