لاہور(نمائندہ خصوصی سے )وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام انتظامی ادارے ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے اور امدادی کاروائیوں کے لئے پو ری طرح چوکس ہیں ،جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کی تیاریا ں بھی مکمل ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک فریم ورک پر کام کرنے کے لئے باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لئے فلڈ پلان بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔پی ڈی ایم اے میں مر کزی کنٹرول روم پوری طرح فعال ہے ۔اسی طرح تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں بھی فلڈ کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔ مون سون کے دوران بہترین کو آر ڈینیشن اور بر وقت تعاون کے لئے متعلقہ افسران اور اداروں کے نمائندے ماسٹرکنٹرول روم میں ڈیوٹی پر 24 گھنٹے موجود ہیں۔ اسی طرح شہریوں کو معلومات کی بروقت فراہمی اور مدد کے لئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129 بھی پوری طرح متحرک ہے ۔ صوبہ بھر میں امدادی کاروائیو ں کے لئے ضروری سیلاب فنڈز ،مشینری اور دیگر ساز و سامان تمام ضلعی انتظامیہ کو فراہم کر دیا گیا ہے ۔