اسلام آباد (وقائع نگار،نامہ نگار،92 نیوز رپورٹ ،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں نواز شریف، آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، شوکت عزیز، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، شہباز شریف، اسلم رئیسانی، ثناء اﷲ زہری، مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، اسحق ڈار،سعد رفیق، ڈاکٹر عاصم، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مفتاح اسماعیل، غلام سرور خان، عامرکیانی، نورالحق قادری، بابرغوری، منظور وسان،سراج درانی،سہیل انور سیال، عادل صدیقی، رؤف صدیقی، شرجیل میمن ، خورشید شاہ ، وسیم اختر،سردارعاشق گوپانگ،برجیس طاہر،اعجاز جاکھرانی، رانا ثنائاﷲ،سبطین خان، علیم خان، صاحبزادہ محمود زیب، شیر اعظم خان، امیر مقام ، کیپٹن صفدر،مہتا ب عباسی، عثمان سیف اﷲ، انور سیف اﷲ، اسفند یار کاکڑ، عاصم کرد، سعادت انور،رحمت بلوچ، طماش خان، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز، حسن نواز،حسین نواز، احد چیمہ، فواد حسن،امجدعلی خان،صدیق میمن، منظور کاکا، شاہد الا سلام، عمران الحق شیخ، غنی مجید، انور مجید، اعجاز ہارون، زاہد میر، آصف ہاشمی، طاہر بشارت چیمہ، طارق حمید، ڈاکٹر احسان علی ، غلام مصطفٰی پھل، فرخند اقبال،امتیاز عنایت الہی، کامران لاشاری، اختر نواز گنجیرا، کامران شفیع ، خالد مرزا، اس کے علاوہ بینک اسلامی، بینک آف خیبر، مالم جبہ،بلین ٹری سونامی اور دیگر کے خلاف اب تک کی گئی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جاری شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔جو ملزمان نیب مقدمات میں ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت کے فیصلوں کی مصدقہ نقول کے حصول کے بعد معزز عدالتوں میں اپیلیں دائر کی جائیں گی تاکہ زیر سماعت مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا اور قوم کی مبینہ طور پر لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں جو جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کا پختہ عزم ہے ۔اس موقع پرچیئرمین نیب نے کہا احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی پر عمل پیرا ہیں۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ نیب کی وابستگی صرف اورصرف ریاست پاکستان سے ہے ، ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کے علاوہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے ۔ نیب افسران ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے اپنے فرائض قومی فریضہ سمجھ کرسر انجام دے رہے ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرجنرل، ڈی جی آپریشن اور نیب کے ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔