میری عمر اٹھائیس سال ہے،کچھ عرصے سے میرے منہ میں چھالے بن جاتے ہیں۔لیکن چند ایک دنوں میں ٹھیک بھی ہوجاتے ہیں،کیا وجہ ہو سکتی ہے؟اب تو مجھے پریشانی ہونے لگی ہے کہیں کوئی سنجیدہ نوعیت کا مسئلہ نہ ہو۔فرزانہ

منہ کے چھالے نہایت تکلیف پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں جو کچھ بھی کھانا پینا مشکل کر دیتے ہیں۔ گو کہ یہ نہایت تکلیف دہ ہوتے ہیں لیکن عموماً یہ بے ضرر ہوتے ہیں اور ایک سے دو ہفتے کے اندر خود ہی ختم ہوجاتے ہیں۔سرخ، سفید، یا سرمئی رنگ کے یہ چھالے منہ کے اندر سوجن پیدا کرنے کا بھی سبب بنتے ہیں۔ جب بھی چھالے نکلتے ہیں ان کی تعداد ایک سے زائد ہوتی ہے۔فرزانہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی کہ خطرناک بات ہو سکتی ہے یا نہیں لیکن منہ میں آنے والے چھالے اگر 3 ہفتے سے زائد برقرار رہیں، تھوڑے تھوڑے عرصے بعد نمودار ہوتے ہوں یا بہت زیادہ سرخ ہوجائیں تو یہ تشویشناک بات ہے اور ایسی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

منہ کے چھالوں کی بظاہر کوئی واضح وجہ تو نہیں ہے۔ تاہم بہت زیادہ مصالحہ دار غذاؤں کا استعمال، منہ کی جلد کا دانتوں تلے آجانا، اناڑی ڈاکٹر کے ہاتھوں کروائی دانتوں کی فلنگ، ہارمون میں ہونے والی تبدیلیاں، مستقل قبض یا ذہنی دباؤ بھی چھالوں کا سبب بنتے ہیں۔اگر چھالے ان وجوہ کی بنا پر بنیں ویسے تو یہ چھالے خود ہی ختم ہوجاتے ہیں تاہم ان کی تکلیف ختم یا کم کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

چھالوں کے وقت کسی اچھے ماہر دندان کا تجویز کردہ ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں۔ایسا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں جس میں سوڈیم سلفیٹ نہ ہو۔دانتوں کو برش کرنے کے لیے نرم ٹوتھ برش استعمال کریں۔جن دنوں آپ کے منہ میں چھالے ہوں ان دونوں میں سخت، مصالحے دار، بہت زیادہ نمکین غذائیں یا بہت زیادہ گرم کھانا یا چائے وغیرہ پینے سے گریز کریں۔

ٹھنڈے مشروبات پینے کے لیے اسٹرا کا استعمال کریں۔

ماؤتھ واش کا استعمال کریں تاکہ وہ بیکٹیریا کو ختم کر کے چھالوں کو مندمل ہونے میں مدد دے۔گھر میں بھی آپ مائوتھ واش بنا سکتی ہیں۔اس کیلئے دھنیے کے بیج چھالوں کی جلن کو ختم کرکے آرام پہنچاتے ہیں۔

ایک چائے کا چمچ دھنیے کے بیج ایک کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں۔ چھان کر یہ پانی ٹھنڈا کرلیں۔ اس پانی کو منہ میں رکھ کر اچھی طرح گھمائیں۔دن میں تین چار بار یہ عمل دہرائیں۔اس کے ساتھ میرا مشورہ یہی ہے کہ کسی مستند ڈاکٹر کو مکمل چیک اپ بھی کروائیں تاکہ مرض کی درست تشخیص ہو سکے۔