مکہ مکرمہ (آئی این پی،این این آئی ،اے پی پی ) سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ سے منی پہنچ گئے ، دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی ،آج صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال 20 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جن میں ایک لاکھ 84 ہزار پاکستانی عازمین بھی شامل ہیں۔8ذوالحج سے عازمین حج کی مکہ مکرمہ سے منیٰ روانگی شروع ہوگئی، منیٰ میں قیام کے بعد عازمین آج میدان عرفات روانہ ہوں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ۔وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جو اس مرتبہ مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ دیں گے پھر نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔بعدازاں عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے ، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے ۔دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کیلئے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے ۔ادھر سعودی عرب کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں خانہ کعبہ کے گرد فی گھنٹہ طواف کرنے اور نماز ادا کرنے والوں کے اعدادو شمار جاری کیے گئے ہیں،جس کے مطابق حرم مکی میں اندازے کے مطابق ان دنوں مسجد حرام میں فی گھنٹہ 2 لاکھ 78 ہزار افراد نماز ادا کرتے ہیں جب کہ ایک لاکھ 70 ہزار عازمین حج ایک گھنٹے میں خانہ کعبہ کے طواف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔علاوہ ازیں نیا غلاف کعبہ آج فجر کے بعد تبدیل کیا جائے گا۔ ہر سال وقوف عرفہ کے دن (9 ذی الحج ) ہی پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف کعبہ پر چڑھایا جاتا ہے ۔ مناسک حج