لاہور،پشاور (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے اور منڈا ہیڈ ورکس سے ڈیم سائٹ تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر شروع کردی گئی ہے ،پراجیکٹ ایریا میں تعمیراتی سرگرمیاں زور پکڑنے پر مقامی قبائل میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے ۔گزشتہ روز چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کے علاوہ مہمند سے رُکن قومی اسمبلی ساجد خان کی سربراہی میں مقامی عمائدین نے پراجیکٹ ایریا کا دورہ کیا اور رابطہ سڑکوں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، منڈا ہیڈورکس سے ڈیم سائٹ تک دریائے سوات کے دونوں کناروں پر زیر تعمیر رابطہ سڑکیں 15اعشاریہ 5 کلو میٹر طویل ہیں۔ یہ رابطہ سڑکیں ہیوی مشینری اور دیگر آلات ڈیم سائٹ تک پہنچانے کے لئے تعمیر کی جارہی ہیں ۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق کئی کام پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں ، جن میں موسمیاتی سٹیشن کا قیام ، پانی کے اخراج کی پیمائش کے آلات کی تنصیب اور سٹرکچر کی تعمیر کے لئے ابتدائی جیوٹیک بورنگ شامل ہیں،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر سے 6 ہزار لوگوں کو ملازمت ملے گی ، زمین اور دیگر اثاثوں کے معاوضہ کی ادائیگی کے علاوہ واپڈا عتماد سازی کے اقدامات کے طور پر پراجیکٹ ایریا میں تعلیم ، صحت اور واٹر سپلائی کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی تعمیر پر 4 ارب 61کروڑ روپے خرچ کرے گا ۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقوں کی ترقی کے علاوہ مہمند ڈیم پراجیکٹ قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا ۔ رُکن قومی اسمبلی ساجد خان نے کہا کہ مقامی عمائدین پراجیکٹ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے آئے ہیں۔ پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے قبائل بھر پور تعاون جاری رکھیں گے ۔