کولکتہ(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل میں سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا رن آئوٹ سائیکلوں کی دکان کے مالک کرکٹ مداح کی جان لے گیا جو اپنی دکان میں گرا اور اس کی موت ہو گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سری کانت کی دکان کے پاس ہی موجود ایک مٹھائی کی دکان کے مالک نے بتایا ہے کہ سری کانت میتی اپنی دکان میں موبائل فون پر میچ دیکھ رہا تھا کہ اچانک کسی چیز کے زور سے گرنے کی آواز آئی۔ ہم آواز سن کر سری کانت کی دکان میں پہنچے تو وہ فرش پر بے حس و حرکت پڑا تھا جس پر ہم اسے کھناکل ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔واضح رہے کہ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارتی بیٹنگ لائن کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا اور 240رنز کے ہدف کا تعاقب کرتی بھارتی ٹیم 18رنز سے یہ میچ ہار گئی۔ آل رائونڈر رویندرا جدیجہ نے 77رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مہندرا سنگھ دھونی نے 50رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے ۔