لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ چند روز سے سوشل اور مین سٹریم میڈیا پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے متعلق خبروں میں وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا اس مندر کی تعمیر کیلئے زمین الاٹ کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔نواز شریف نے 2016 میں اس وقت کے وزیراعظم کی حیثیت سے مندر کی تعمیر کیلئے زمین ہندو پنچایت کونسل کی درخواست پر الاٹ کی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مندر کی تعمیر سے پاکستان کی 22 کروڑ عوام کے اسلام کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام جہاد اور اجتہاد کی اساس پر قائم ہے ۔ ہم نے جہاد کو صرف تلوار سے منسوب کر دیا اور اجتہاد کو یکسر نظر انداز کیے رکھا۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ اجتہاد کا تقاضا ہے کہ دنیا کو مودی کے شر پسند بھارت اور عمران خان کے امن پسند پاکستان میں فرق بتایا جائے ۔ بھارتی منفی پراپیگنڈے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے بالی وڈ کی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد ملک ثابت کرنے کی سازش کی۔ پاکستان کے خلاف منظم منفی پراپیگنڈہ کے تحت ہمیں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر سے پوری دنیا کو بھارت کی مذہبی فسطائیت و انتہا پسندی اور پاکستان کی مذہبی رواداری اور امن پسندی میں فرق پتہ چلے گا۔